کورونا :پنجاب میں سمارٹ سیمپلنگ شروع کرنے کا اعلان،وزیراعلیٰ نے رائز پنجاب فریم ورک کی منظوری دیدی
منگل 28 اپریل 2020ء
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹویٹس کرتے ہوئے کہا ہم پنجاب میں سمارٹ سیمپلنگ شروع کرنے جا رہے ہیں جس کے نتائج کو پرکھ کر مستقبل کے فیصلوں اور لائحہ عمل کے حوالے سے آرا دینے کے لیے مایہ ناز ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔شروع میں ہماری زیادہ توجہ مختلف قرنطینہ میں ٹھہرائے گئے افراد کے ٹیسٹ کرنے پر تھی۔اب سسٹم پر بوجھ نسبتاً کم ہونے اور ٹیسٹنگ کپیسیٹی مزید بڑھنے سے ہم سمارٹ سیمپلنگ کے ذریعے لوکل کمیونٹی میں وائرس کی موجودگی کا بہتر جائزہ لے سکیں گے ۔علاوہ ازیں انہوں نے اراکین قومی اسمبلی کے نام خط میں امید ظاہر کی کہ اراکین قومی اسمبلی اپنی تمام ترکوششیں کورونا سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں آپ کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ اپنے اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔عوامی نمائندے ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی مانیٹرنگ کا فریضہ سرانجام دیں اور انسداد ڈینگی اورکلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کورونا کے جواب میں پنجاب کے مستقبل کی معاشی نمو کی حکمت عملی کے لئے حکومتی منصوبے پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد 90 شاہراہ پر کیا گیا۔جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رائز پنجاب کے نام سے ابتدائی فریم ورک کی منظوری دے دی ۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے رائز پنجاب کے فریم ورک کی دستاویز وزیراعلیٰ کو پیش کی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وباء کے پیش نظر بدلتی صورتحال کے تناظر میں رائز پنجاب کا پلان مرتب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کیلئے پوری توجہ اور انفرادیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔سوشل پروٹیکشن فنڈ کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے کرجلد رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حالات کے مطابق ترجیحات بھی تبدیل ہوتی ہیں ۔بدلتی صورتحال میں رائز پنجاب کی ابتدائی دستاویز اچھی کاوش ہے ۔انہوں نے دستاویز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔عوامی فلاح کے منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ کو رائز پنجاب پلان کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔علاوہ ازیں انہوں نے سابق قومی باکسنگ چیمپئن عبدالستار خان کے انتقال پر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔
Comments
Post a Comment