.پٹرول 20.68،ہائی سپیڈ ڈیزل 33.94، مٹی کا تیل4 4روپے سستا کرنیکی سفارش
جمعرات 30 اپریل 2020ء
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 44 روپے 7 پیسے فی لٹر تک کمی کی سفارش کردی۔ اوگرا کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل پر 33 روپے 94 پیسے ، پٹرول پر20 روپے 68 پیسے جبکہ مٹی کے تیل پر44 روپے 7 پیسے اورلائٹ ڈیزل پر24 روپے 57 پیسے فی لٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے ۔ دستاوزات کے مطابق مذکورہ تجویز کی منظوری کے بعد مارکیٹ میں پٹرول کی نئی قیمت 75 روپے 90 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل 73 روپے 31 پیسے ، مٹی کا تیل 33 روپے 38 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 37 روپے 94 پیسے فی لٹر قیمت پر دستیاب ہونے کا امکان ہے ۔اوگرانے وزارت پٹرولیم اورخزانہ کوسمری ارسال کردی،وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ آج قیمتوں میں کمی کااعلان کرے گی۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث جہاں معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے وہیں پٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے دنیا بھر میں کھپت میں شدید کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی جا رہی ہے ۔ آئندہ ماہ مئی کیلئے پٹرول پر لیو ی ٹیکس میں 21.40 فیصد کمی کے ساتھ فی لٹر ٹیکس 18 روپے 90 پیسے ، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی ٹیکس میں 31.06 فیصد کمی کے ساتھ 24.20 روپے فی لٹر ، مٹی کے تیل پر لیوی ٹیکس 56.90 فیصد کمی کے ساتھ لیوی ٹیکس فی لٹر 6 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی ٹیکس میں 39.30 فیصد کمی کی تجویز پیش کرتے ہوئے آئندہ ماہ کیلئے لیوی ٹیکس فی لٹر 3 روپے مقرر کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے 3شعبوں میں سہولت کاامکان ہے ،سب سے زیادہ فائدہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے کوہوگا،دوسرابڑافائدہ بجلی بنانے والی کمپنیوں اورتیسرابڑافائدہ معدنی دولت کی تلاش کے شعبوں کوہوگا۔
Comments
Post a Comment